پولوسی مذہب میں مسیح کا مقام
مترجم:ڈاکٹرعبداللہ غازیؔ
اگر پولس کی تمام تحاریرمدنظررکھی جائیں یعنی
وہ خطوط جنہیں خود پولس نے لکھا (پہلااوردوسرا تھسلنیکیوں، پہلا اوردوسرا
کرنتھیوں، گلتیوں، رومیوں، فلپیوں اور فلیمون) اور وہ خطوط بھی جو عموماًاس کے
شاگردوں کی تصنیف سمجھےجاتے ہیں یعنی افسیوں،
کلسیوں، تیمتھیس، ططس اور عبرانیوں،تب بھی مسیح کی حیثیت پوری طرح واضح نہیں ہوتی اگرچہ
ان تحریروں میں اس کے مقام کو بتدریج بلند ہوتا ہوا ضرور دیکھا جا سکتا ہے۔لہٰذا
اب بنیادی سوال یہی باقی رہ جاتا ہے کہ کیا پولس کی تحریروں کا ادبی، تاریخی اور
تنقیدی مطالعہ اس روایتی کلیسائی عقیدے کی تصدیق کرتا ہے کہ یسوع مسیح خود خدا
تھے؟
”خدا
کابیٹا“اور”باپ
کا بیٹا“جیسے القاب بلا شبہ لسانیات و افکار ِپولس
کا حصہ تھے لیکن ان القاب میں مبالغہ آمیز
معانی شامل کرنا درست نہیں۔اگر انہیں اس عہد کے یہودی مذہبی مفہوم کو نظر انداز
کرکے”خدا کا بیٹا“کو
براہِ راست”خدا“کا
مترادف بنا دیا جائے تو یہ تاریخی طور پر درست تعبیر نہیں ہوگی۔حقیقت یہ ہے کہ
پولس نے کبھی بھی یسوع کو ایسا نہیں سمجھا کہ وہ خدا کی ذات اور الوہیت میں مکمل طور
پر شریک یا خدا کے ہم مرتبہ ہوں۔ پولس کی تعلیم کے مطابق خدا باپ کے مقابلے میں
بیٹا (یسوع) ہمیشہ ایک کمتر اور تابع مقام رکھتا ہے، اگرچہ وہ عام انسانوں سے کہیں
زیادہ بلند و برتر حیثیت کے حامل ہیں۔چنانچہ باپ، بیٹے اور روح القدس کی مساوی
الوہیت (یعنی تثلیث میں تینوں اقانیم کے برابر ہونے کا عقیدہ) پولس کے زمانے کا
تصور نہیں تھا بلکہ یہ عقیدہ کئی صدیوں بعد مسیحی الہیات میں مکمل صورت اختیار کر
سکا۔
پولس کی مذہبی فکر میں خدا کی برتری مسیح
پر بالکل واضح ہے۔ جس طرح وہ ازدواجی زندگی میں مرد کو عورت پر سربراہ اور حاکم
قرار دیتا ہے، اسی طرح روحانی مراتب میں وہ انسانوں سے اوپر مسیح اور مسیح سے اوپر
خدا کو رکھتا ہے۔ گویا پولس کے نزدیک درجہ بندی یوں بنتی ہے کہ عورت
کے اوپر مرد، مرد کے اوپر مسیح اور مسیح کے اوپر خدا ہے۔اسی لیے وہ لکھتا ہے کہ ”میں تمہیں آگاہ
کرناچاہتا ہوں کہ ہر مرد
کا سر مسیح اور عورت کا سر مرد اور مسیح
کا سر خدا ہے۔“[1]
پولس کی آخرت سے متعلق تعلیم میں بھی یہی
تصور پوری طرح نمایاں ہوتا ہے۔ اس کے مطابق جب خدا مسیح کے ذریعے تمام مخالف قوتوں کو شکست
دے دے گا تو اس کے بعد مسیح جو خدا کا بیٹا ہے، خود بھی خدا باپ کے سامنے جھک جائے
گا اور اس کے تابع ہو جائے گا۔اپنے اس مؤقف کی تائید کے لیے پولس زبور 8 :6 کی تفسیری تعبیر پیش کرتے ہوئے استدلال کرتا ہے کہ آخرکار تمام چیزیں خدا کی
حاکمیت کے تحت آ جائیں گی اور مسیح بھی
خدا کی فرمانبرداری اختیار کریں گے۔
”خدا نے سب کچھ اس کے پاؤں تلے کر دیا ہے مگر
جب وہ فرماتا ہے کہ سب کچھ اس کے تابع کردیا گیا تو ظاہر ہے کہ جس نے سب کچھ اس کے
تابع کردیا وہ الگ رہا۔ اور جب سب کچھ اس کے تابع ہوجائے گا تو بیٹا خود اس کے
تابع ہو جائے جس نے سب چیزیں اس کے تابع کردیں تاکہ سب میں خدا ہی سب کچھ ہو۔“[2]
کرنتھیوں کے نام پہلے خط کے اقتباسات سے
واضح ہوتا ہے کہ پولس کی خالص یہودی فکر میں خدا جیسی عظمت، اختیار اور مرتبہ کسی
اور کو حاصل نہیں تھاحتیٰ کہ عیسیٰؑ مسیح بھی خدا کے برابر نہیں تھےالبتہ”بیٹا“(مسیح) دیگر تمام خدا کے بیٹوں سے
زیادہ بلند مرتبت کے حامل تھے۔ ان دیگر”خدا کے بیٹوں“کی عزت وتعزیم اس وجہ سے تھی
کہ وہ خدا کے منصوبے کے مطابق بیٹے (مسیح) کی شبیہ پر ڈھالے جانے کے لیے مقرر کیے
گئے تھےاور حضرت عیسیٰؑ کی حیثیت ”بہت سے
بھائیوں میں پہلوٹھا“ کی تھی۔[3]اب
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یسوع مسیح کو یہ بے مثال عظمت کب اور کیسے حاصل ہوئی؟ کیا
وہ پیدائشی طور پر ہی اس مقام پر فائز تھے؟ یقینا اس کا جواب مثبت نہیں دیاجاسکتا ہے۔پہلی قابلِ توجہ
بات یہ ہے کہ پولس،
حضرت عیسیٰؑ کی گرفتاری اور مصلوب ہونے سے ماقبل زندگی میں تقریباً کوئی دلچسپی ظاہرنہیں کرتا۔
اس کی تحاریرسے یسوع کی انسانی زندگی کے بارے میں صرف اتنا معلوم ہوتا ہے کہ وہ ایک
عورت سے پیدا ہوئے،وہ شریعتِ موسیٰؑ کے تابع تھے[4]یعنی
وہ ایک یہودی ماں کے بیٹے تھے (جس کا پولس نام نہیں لیتا)اور بطور مسیح وہ حضرت
داؤدؑ کی نسل سے تعلق رکھتے تھے۔ [5]
خدا کے بیٹے کا اعلیٰ مقام انہیں صلیبی موت کے بعد حاصل ہوا جیسا کہ پولس لکھتا ہے
کہ ”پاکیزگی کی روح کے اعتبار سے مردوں میں سے جی اٹھنے کے سبب سے قدرت کے ساتھ خداکا بیٹا ٹھہرا۔“[6] اس
سے معلوم ہوتا ہے کہ پولس کی فکر کے مطابق حضرت عیسیٰؑ کو ”ابن خدا“ ہونے کا اعلیٰ
درجہ پیدائش کے وقت نہیں ملا، نہ ازل سے حاصل تھااور نہ ہی اپنی زمینی زندگی کے
دوران بلکہ یہ مقام انہیں ان کے مردوں میں سے جی اٹھنے کے بعد عطا کیا گیا۔دوسرے
لفظوں میں پولس کی اہم ترین تحریروں
(خصوصاًپہلاکرنتھیوں، گلتیوں اور رومیوں) کے مطابق یسوع کا”ابن خدا“ کے بلند مرتبے پر فائز ہونا
ان کی زمینی زندگی کے بعد کا واقعہ ہے۔
تاہم پولس
کی مستندتحریروں میں دواور پولس کے شاگردوں سے منسوب تحریروں میں تین مقامات ایسے ہیں جن سے بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ
مسیح کا مقام اس سے بھی بلند ہے۔ان میں پہلا حوالہ رومیوں ہے۔ اس مقام پر پولس نہایت پرجوش انداز میں بنی
اسرائیل کی فضیلت بیان کرتا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ انہیں خدا نے بیٹے ہونے کا شرف،
جلال، عہد، شریعت، عبادت کا نظام، بزرگ آباءعطا کیےاور آخرکار مسیح بھی جسمانی
لحاظ سے انہی کی نسل سے پیدا ہوئے۔[7]اس
تعریف کے اختتام پر ایک دعائیہ جملہ مذکورہےلیکن
اس کا اصل مفہوم پوری طرح واضح نہیں کیونکہ قدیم یونانی مخطوطات میں علامتِ وقف اور دیگر رموزِ اوقاف موجود نہیں تھے۔اصل
عبارت مسلسل اس طرح لکھی گئی تھی”قوم کے بزرگ ان
ہی کے ہیں اور جسم کے رو سے مسیح بھی ان
ہی میں سے ہوا جو سب کے اوپر اور ابد تک خدا ہی محمود ہے۔“اب اصل
سوال یہ ہے کہ”ابد تک خدا ہی محمود “کے یہ کلمات مسیح کے لیے ہے یا خدا کے لیے؟اگر اس عبارت میں
رموزِ اوقاف اس طرح لگائے جائیں جیسے کنگ جیمز بائبل میں موجود ہیں تو اس کا مفہوم کچھ یوں بنتا ہے کہ ”انہی
کی نسل سے مسیح ہیں، جو سب پر خدا ہیں، ہمیشہ مبارک۔ آمین۔“اس صورت میں پولس گویا یسوع کو خدا قرار دے
رہا ہےلیکن اگر عبارت کو اس انداز سے پڑھا جائے جسے دورحاضر کے بیشتر مترجمین اور
محققین درست سمجھتے ہیں تو مفہوم بدل جاتا
ہے کہ”انہی کی نسل سے مسیح ہیں اور وہ خد ا جو سب پر حاکم ہے، ہمیشہ مبارک رہے۔
آمین۔“اس قراءت میں مسیح اور خدا دو الگ ہستیاں
ہیں۔ مسیح خدا نہیں بلکہ خدا سے جدا ایک
شخصیت ہیں جبکہ برکت صرف خدا کے لیے بیان
کی گئی ہے۔پولس کی دعاؤں اور حمدیہ عبارتوں کا جائزہ لینا یہ سمجھنے میں معاون ثابت ہو گا کہ ان دونوں میں سے کون سی قراءت زیادہ درست معلوم
ہوتی ہے۔
دوسرا اہم حوالہ فلپیوں کے نام خط کے دوسرے باب میں موجود مسیح
کے بارے میں ایک قدیم حمدیہ نظم ہےجس کا
بنیادی مقصد مسیح کی الوہیت ثابت کرنا نہیں بلکہ مسیح کی عاجزی اور فروتنی کو نمونہ بنا کر
ایمان والوں کو بھی انکساری اختیار کرنے کی تلقین کرنا ہے۔
”اس نے اگرچہ خدا کی صورت پر تھا خدا کے برابر ہونے کو
قبضہ میں رکھنے کی چیز نہ سمجھابلکہ اپنے آپ کو خالی کر دیا اور خادم کی صورت
اختیار کی اور انسانوں کے مشابہ ہوگیااور انسانی شکل میں ظاہر ہوکر اپنے آپ کو پست
کر دیا اور یہاں تک فرمانبردار رہا کہ موت بلکہ صلیبی موت گوارا کی۔اسی واسطے خدا نے بھی اسے بہت سربلند کیا اور اسے وہ نام بخشا جو سب ناموں سے
اعلیٰ ہے۔تاکہ یسوع کے نام پر ہر ایک گھٹنا ٹکے خواہ آسمانوں کا ہو یا زمینوں کا
۔خواہ ان کا جو زمین کے نیچے ہیں اور خدا باپ کے جلال کے لیے ہر ایک زبان اقرار
کرے کہ یسوع مسیح خداوند ہے۔“[8]
سادہ لفظوں میں پولوس کے ان کلمات کے مطابق
حضرت عیسیٰؑ نے خدا کے مساوی مقام چھوڑ دیا،انسانی صورت اختیار کی اور انسانوں کی نجات کے لیے خود کو پست کر
لیالیکن اگر یہ کلمات واقعی پولس نے لکھے
ہیں تو بھی یہ اس کے مستند خطوط میں منفرد
حیثیت رکھتی ہے۔ تاہم ان کلمات کا صدور پولس کے قلم سے سمجھاجائے تو پھر اس پر دو
اہم اعتراضات کیے جا سکتے ہیں۔پہلا اعتراض یہ ہے کہ یہاں مستعمل بعض بنیادی
اصطلاحات مثلاً”خدا کے مشابہ ہونا“، ”خداکے برابر ہونے کو قبضہ میں رکھنا“ ،”خودکوخالی
کردینا“پولس
کی دیگر مستند تحاریرمیں کہیں وارد نہیں ہوتیں۔دوسرا اعتراض یہ ہے کہ ان کلمات کا بنیادی موضوع یعنی مسیح کا اپنی
سابقہ عظمت سے مکمل دستبردار ہونا، اس پیغام سے پوری طرح ہم آہنگ نہیں جو پولس
فلپیوں کے نام اپنے خط میں دینا چاہتا ہے۔ اس باب کا اصل مقصد تو صرف یہ ہے کہ
اہلِ فلپی ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور اتحاد سے زندگی گزاریں۔اسی بنا پر یہ کہنا
غلط نہ ہو گا کہ فلپیوں کے دوسرے باب میں موجود یہ کلمات اصل خط کا حصہ معلوم نہیں ہوتے۔کیوں کہ اگر ان کلمات کو اس باب سےخارج کردیاجائے تو پورے متن میں کوئی خلا یا ربط کی کمی محسوس نہیں
ہوگی۔ ان کلمات میں موجود اصطلاحات اور
اسلوب زیادہ تر دوسری صدی عیسوی کے اوائل کی مسیحی فکر کی نمائندگی کرتے ہیں۔قدیم
کلیسائی روایت کے مطابق یوحنا کی انجیل میں
اسی نوعیت کے خیالات نمایاں ہیں اور یہ بھی افسس سے ہی وابستہ ہے۔ مزید یہ کہ پلینی دی ینگر (Pliny the Younger)، جو تقریباً ۱۱۰ء میں
بیتھینیا کا رومی گورنر تھا، لکھتا ہے کہ ایشیائے کوچک کے مسیحی”مسیح کی حمد اس طرح گاتے تھے جیسے وہ خدا
ہوں“۔ناقدین کا اعتراض ہے کہ فلپیوں کی ان ورسز کو محض اس لیے غیر مستند قرار دیا ہے کہ اس میں پیش کردہ
تصورِ مسیح اس کے اپنے نظریے سے مطابقت نہیں رکھتا تاہم اس اعتراض کی کوئی ایسی
حیثیت نہیں کیوں کہ یہ دلیل کسی کا ذاتی نظریہ نہیں بلکہ خود پولس کی مستند تحاریر
ہیں ۔ فلپیوں کی یہ نظم پولس کے مجموعی تصورِ مسیح سے مطابقت نہیں رکھتی جیسا کہ
اس کے تمام مستند خطوط خصوصاً اس کی متعدد دعاؤں اور حمدیہ عبارات سے واضح ہوتا
ہے۔
اس
لیے یہ نتیجہ غلط نہیں ہوگا کہ فلپیوں کی
یہ ورسز پولس کے الفاظ نہیں بلکہ بہت بعد میں کسی کاتب یا ناقل نے اسے خط میں شامل
کیاہے۔
فلپیوں کے خط کی اس عبارت میں پیش کردہ نظریات کی بازگشت ہمیں پولس کے شاگردوں سے منسوب
کلسیوں کے نام خط (Deutero-Pauline Letter to the Colossians) میں
شامل عبارت میں بھی سنائی دیتی ہےجوخدا کے بیٹے کی ایسی عکاسی
کرتی ہے جو اسے ازل سے موجود، کائنات کا خالق اور انسانوں کا نجات دہندہ قرار دیتی
ہے۔
”وہ اَن
دیکھے خدا کی صورت اور تمام مخلوقات سے پہلے مولود ہے کیونکہ اسی میں سب چیزیں
پیدا کی گئیں۔آسمان کی ہوں یا زمین کی۔ دیکھی ہوں یا اَن دیکھی۔ تخت ہو یا ریاستیں
یا حکومتیں یا اختیارات۔ سب چیزیں اسی کے وسیلہ سے اور اسی کے واسطے پیدا ہوئی ہیں
اور وہ سب چیزوں سے پہلے اور اسی میں سب چیزیں قائم رہتی ہیں اور وہی بدن یعنی
کلیسیا کا سر ہے۔ وہی مبدا ہے اور مردوں میں سے جی اٹھنے والوں میں پہلوٹھا تاکہ
سب باتوں میں اس کا اول درجہ ہو کیوں کہ باپ کو یہ پسند ایا کہ ساری معموری اسی
میں سکونت کرے اور اس کے خون کے سبب سے جو صلیب پر بہا صلح کرکے سب چیزوں کا اسی
کے وسیلہ سے اپنے ساتھ میل کرلے۔خواہ وہ زمین کی ہوں خواہ آسمان کی۔“[9]
ایسے عمیق
مذہبی متون پڑھتے ہوئے فقط فلپیوں کے خط ہی نہیں بلکہ یوحنا کی
انجیل کے ابتدائی حصے کی بھی یاد آتی ہے۔انجیلِ یوحنا کا یہ ابتدائی حصہ پوری
انجیل کے بنیادی پیغام کا خلاصہ ہے۔ اس میں ”کلام“(Logos)کو، جو خدا کا
بیٹا ہے، ایسی ہستی کے طور پر پیش کیا گیا ہے جو خدا کی مکمل صفات اور حقیقت کو
انسانوں پر ظاہر کرتی ہے۔درحقیقت یہ دیباچہ غالباً خود یوحنا نے نہیں لکھا بلکہ
دوسری صدی عیسوی کے آغاز میں کسی اور مصنف نے اسے انجیل میں شامل کیا۔اسی طرح
عبرانیوں کے نام خط پولس کے کسی شاگرد کی تصنیف ہے اوروہ بھی اسی انداز سے شروع
ہوتا ہے۔ اس میں مسیح کوکائنات کےلیے ذریعہِ تخلیق اورذاتِ خداوندی کاکامل عکس
قرار دیا گیاہے۔ایسی عبارتیں دراصل مسیح
کو ایک نہایت بلند، غیر معمولی اور مقام ِالوہیت کے نہایت قریب کردیتی ہیں لیکن یہ درحقیقت پولس کی تعلیمات نہیں بل کہ
متاخر مسیحی عقائد کی ترقی کا نتیجہ ہے۔
”اگلےزمانے میں
خدا کے باپ دادا سے حصہ بہ حصہ اور طرح بہ طرح نبیوں کی معرفت کلام کرکے، اس زمانہ
کے آخر میں ہم سے بیٹے کی معرفت کلام کیا جسے اس نے سب چیزوں کا وارث ٹھہرایا اور
جس کے وسیلہ سے اس نے عالم بھی پیدا کیے۔وہ اس کے جلال کا پُرتو ارو اس کی ذات کا
نقش ہو کر سب چیزوں کو اپنی قدرت کے کلام سے سنبھالتا ہے۔“[10]
مخطوطاتِ پولس میں
فقط ایک مقام پر ایسا خفیف اشارہ ملتا ہے کہ خدا نے کائنات کی تخلیق میں مسیح کو ایک ثانوی
وسیلے کے طور پر استعمال کیا یعنی اصل خالق خدا ہے جبکہ مسیح کو صرف ایک ذریعہ یا
واسطہ قرار دیا گیا ہے۔[11]اسی
طرح عبرانیوں کے خط میں بھی مسیح کے بارے میں ایسے الفاظ استعمال ہوئے ہیں جو
انہیں انسانی اور الٰہی مقام کے درمیان ایک بلند ی مرتبت عطاکرتے ہیں لیکن پھر بھی انہیں صراحتاًخدا قرار نہیں دیتے۔
اس لیے ان عبارات میں کچھ ابہام کی گنجائش باقی رہتی ہے۔پولس نےاپنے کرنتھیوں کے
نام دوسرے خط میں مسیح کو”خداکے مشابہ“قرار دیا ہے[12] اور
عبرانیوں کے نام خط میں انہیں”خدا کی ذات کا نقش“ یا ”جلال کا پُرتو“قرار دیا گیا
ہے۔[13]
یہ دونوں تعبیرات پیدائش کی کتاب سے ماخوذ لگتی ہیں جہاں بیان کیاگیاہے کہ خدا نے آدم کو اپنی صورت اور اپنی شبیہ پر پیدا
کیا۔[14]اگر
یہی آیت ان تعبیرات کی بنیاد ہے تو پھر پولس کا مقصد یہ نہیں کہ مسیح خود خدا ہیں بلکہ
صرف یہ کہ وہ خدا سے غیر معمولی مشابہت رکھتے ہیں، نہ کہ خدا کے ساتھ کامل طور پر
ایک ہی ذات ہیں۔
آخر میں ططس کےنام خط میں ایک ایسی عبارت ملتی ہے جس کے مختلف مطالب کشید کیے جاسکتے ہیں۔ اس میں مذکور
ہے کہ ”اپنے بزرگ خدااور منجی یسوع مسیح کے جلال کے ظاہر ہونے کے منتظر رہیں۔“[15]
عہدنامہ جدید کے کچھ اسکالرز نے اس فقرے سے یہ نتیجہ اخذکیاہے کہ اس مقام پر حضرت
عیسیٰؑ کو خداکہاگیاہ لیکن اس ورس کا ایک دوسرا ترجمہ بھی ممکن ہے جس میں خدا اور حضرت عیسیٰؑ مسیح
کو الگ الگ ہستیوں کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔ اس ترجمے کے مطابق عبارت یوں بنتی
ہے کہ ”عظیم خدا کےجلال اورمنجی یسوع
مسیح کے ظاہرہونے کا انتظار“اسی وجہ سے ریوائزڈاسٹینڈرڈورژن، نیوانگلش بائبل اور یروشلم
بائبل جیسے متعددمعروف تراجم نے اپنے حواشی میں اس دوسرے ترجمے کو
بھی درست قرار دیا ہے۔تاہم اگر یہ دوسرا ترجمہ اختیار کیا جائے تو”الٰہ“(God) کا
لفظ صرف خدا کے لیے استعمال ہوتا ہے، حضرت عیسیٰؑ مسیح کے لیے نہیں۔ اس طرح اس آیت
میں الوہیت کی نسبت مسیح کے بجائے خدا کی
طرف ہوتی ہے۔
[1]
۱- کرنتھیوں
11 :3
[2]
۱-کرنتھیوں ۱۵: ۲۷-۲۸
[3]
رومیوں
8 :29
[4]
گلتیوں۴:۴
[5]
رومیوں
1: 3
[6]
رومیوں
1 :4
[7]
رومیوں
9 :4–5
[8]
فلپیوں ۲: ۶-۱۱
[9]
کلسیوں۱: ۱۵-۲۰
[10]
عبرانیوں۱: ۱-۳
[11]
۱-کرنتھیوں 8 :5-6
[12]
۲-کرنتھیوں
4:4
[13]
عبرانیوں
1 :3
[14]
پیدائش
1 :26-27
[15]
ططس۲: ۱۳

0 comments:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔